بھٹکل 13 جولائی (ایس او نیوز) معمولی بات کے بعد ہوئی جھڑپ میں ایک شخص نے اچانک چاقو نکال لیا اور ایک شخص پر حملہ کردیا، جب اسے روکنے کے لئے دوسرا شخص آگے بڑھا تو اُس نے دوسرے پر بھی چاقو سے وار کردیا۔ واردات انجمن کالج جانے والے روڈ پر منگل دیر شام کو پیش آئی۔ دونوں زخمیوں کو بھٹکل سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
زخمیوں کی شناخت بھٹکل تعلقہ کے کوٹیشور روڈ کے رہائشی کرن کمار کوراّر (26) اور اس کا بڑا بھائی ارون کمار کوراّر (28) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ارون کمار نے بتایا کہ باتوں باتوں میں ہی ان کی جان پہنچان والے شخص کوٹیشور روڈ کے ہی رہائشی کمار ماری نے چاقو نکال لیا اور کرن کمار پر حملہ کردیا۔ کرن کمار کے کان کے نیچے، چھاتی اور پیٹ پر چاقو کے زخم لگے ہیں۔ جب ارون کمار نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی تو حملہ آور نے کرن کو چھوڑ کر ارون پر حملہ کردیا۔ جس سے ارون کے پیر کو چوٹ لگی ہے۔ بعد میں موقع پر موجود دیگر لوگوں نے بیچ بچاو کرتے ہوئے دونوں زخمیوں کو سرکاری اسپتال پہنچایا۔
اطلاع ملتے ہی ٹاون پولس تھانہ کی پی ایس آئی سوما اپنے اہلکاروں کے ساتھ اسپتال پہنچی اور حملے کے تعلق سے معلومات حاصل کرتے ہوئے زخمیوں کی عیادت کی۔ پتہ چلا ہے کہ چاقو سے حملہ کرنے کے بعد کمار جائےوقوع پر سے فرار ہوگیا ہے اور پولس اُس کو تلاش کررہی ہے۔